بس پر فائرنگ کا مقصد قوم میں تقسیم کی کوشش ہے،ریاستی ادارے اور عوام خاموش نہیں رہیں گے
دہشتگرد باز نہ آئے تو ان کی پناہ گاہوں میں گھس کر ماریں گے:گورنر سندھ کی میڈیا سے گفتگو
کراچی(آئی این پی )گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ سانحہ قلات کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے، قلات میں بس پر فائرنگ کا مقصد بھی قوم میں تقسیم کی کوشش ہے، قلات واقعہ میں فتنہ الہندوستان کے دہشت گرد ملوث ہیں۔گورنر سندھ نے مارٹن کورٹرز کاد ورہ کیا جہاں انہوں نے قلات میں بس پر فائرنگ سے جاں بحق 3 قوالوں کے اہل خانہ سے تعزیت کی۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کامران ٹیسوری کا کہنا تھاکہ قلات میں دہشت گردی بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کا بھیانک چہرہ ہے، بھارت کو پہلے بھی مزہ چکھایا اب بھی چکھائیں گے، تین قوالوں کو نشانہ بنایا گیا جن کا بدلہ لیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ یہ خاندان خوشیاں بانٹتا ہے اور آج انہی کو نشانہ بنایا گیا، یہ محض دہشتگردی نہیں ایک منصوبہ بند سازش ہے جو بلوچ اور پنجابی قوموں کے درمیان نفرت پھیلانے کی کوشش ہے۔کامران ٹیسوری نے واضح کیا کہ پاکستان کے ریاستی ادارے اور عوام خاموش نہیں رہیں گے اور ہم اس کا بدلہ لیں گے۔اگر دہشتگرد باز نہ آئے تو ان کی پناہ گاہوں میں گھس کر ماریں گے، ہم خاموش ضرور ہیں، کمزور نہیں