صوبہ اپنی سنہری تاریخ کے ساتھ ساتھ آئی ٹی کے حوالے سے بھی شناخت قائم کریگا ،گورنرسندھ
کراچی (آئی این پی )گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ کراچی سے تھر تک سندھ میں آئی ٹی کا جال بچھائیں گے اور سندھ اپنی سنہری تاریخ کے ساتھ ساتھ آئی ٹی کے حوالے سے بھی شناخت قائم کریگا۔انہوں نے یہ بات گورنر ہائوس کراچی میں منعقد سندھ ثقافت ڈے کی مناسبت سے ہونے والی تقریب سے خطاب میں کہی۔تقریب میں ایران،روس، چین، جاپان، عمان، مراکش، یمن، بحرین،افغانستان اور بنگلادیش کے قونصل جنرلز اور متحدہ عرب امارات کے نائب قونصل جنرل بھی موجود تھے جنہیں گورنر سندھ نے سندھی ٹوپی اور اجرک تحفے میں پیش کی۔ گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ انہوں نے گورنر ہائوس کو عوام کی خدمت کا مرکز بنانے کی کوشش کی ہے، اس کے دروازے عوام کے لیے چوبیس گھنٹے کھلے ہیں۔گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ صوبے کی شناخت میں اب آئی ٹی بھی شامل ہوگی۔ حیدرآباد میں جن بچوں نے ٹیسٹ دیے ہیں ان کی کلاسز کی تیاری مکمل کرلی گئی ہے۔ اسکے بعد سکھر ، نوابشاہ ، لاڑکانہ اور تھر میں بھی آئی ٹی مراکز قائم کیے جائیں گے۔ وہ وقت دور نہیں کہ یہی آئی ٹی کورسز کرنیوالے طلبہ آئی ایم ایف کا قرض اپنی محنت سے اتاریں گے۔