وزیر توانائی چیئرمین ، وزارت صنعت و پیداوار کے سیکرٹری کمیٹی کے کنوینر ہوں گے
کمیٹی پاکستان کے شوگر سیکٹر میں اصلاحات اور نجکاری کے لئے قابل عمل تجاویز مرتب کرے گی
اسلام آ باد(آئی این پی )وزیراعظم شہباز شریف نے چینی کے شعبے کو ڈی ریگولیٹ کرنے کے لیے اعلی سطح کی کمیٹی قائم کر دی۔ رپورٹ کے مطابق یہ کمیٹی پاکستان کے شوگر سیکٹر میں اصلاحات اور نجکاری کے لیے قابل عمل تجاویز مرتب کرے گی۔ وزیر توانائی کمیٹی کے چیئرمین جبکہ وزارت صنعت و پیداوار کے سیکرٹری کمیٹی کے کنوینر ہوں گے۔ علاوہ ازیں وزیر خزانہ، وزیر قومی غذائی تحفظ و تحقیق، وزیر اقتصادی امور کمیٹی کے ارکان ہوں گے۔وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صنعتیں، سابق سیکرٹری رانا نسیم، وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے زراعت و غذائی تحفظ احمد عمر بھی کمیٹی کے ارکان میں شامل ہوں گے۔وزارت غذائی تحفظ و تحقیق، وزارت تجارت کے سیکریٹریز، چیئرمین ایف بی آر، پنجاب اور سندھ کے چیف سیکریٹریز، لیمز کے ڈاکٹر اعجاز نبی، لمز کے سابق وائس چانسلر ڈاکٹر ظہور حسن کمیٹی کے ارکان میں شامل ہوں گے۔کمیٹی کے ضوابط کار (ٹی او آرز) کے مطابق کمیٹی وفاقی و صوبائی سطح کے تمام موجودہ قوانین، قواعد، ضوابط اور پالیسیوں کا جائزہ لے گی جن کا تعلق چینی کی پیداوار، درآمد، برآمد، قیمتوں کے تعین، سبسڈی اور ذخیرہ اندوزی سے ہوگا۔