اسلام آباد: وفاقی حکومت کے ریونیو میں ایکسائز ڈیوٹی کی مد میں 207 ارب روپے کا اضافہ ہو گیا ہے۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی رپورٹ کے مطابق 2023-24 کے دوران 577 ارب روپے ایکسائز ڈیوٹی کے ذریعے جمع کیے گئے، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 56 فیصد زیادہ ہے۔دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ سگریٹس، سیمنٹ، مشروبات، ایئر ٹکٹ، کھاد، پیٹرولیم، دودھ، کریم، جوسز، سیرپ اور الکوحل جیسے مصنوعات پر ٹیکس وصولی میں اضافہ ہوا ہے۔سب سے زیادہ اضافہ سگریٹس پر ہوا، جہاں ڈیوٹی میں 95 ارب روپے کا اضافہ ہو کر مجموعی وصولی 237 ارب روپے تک پہنچ گئی۔
سیمنٹ پر 11.32 ارب روپے کا اضافی ٹیکس وصول کیا گیا، جس سے وصولی 77 ارب 71 کروڑ روپے ہو گئی۔ سوڈا واٹر مشروبات پر ٹیکس وصولی میں 113 فیصد اضافہ ہو کر 36.50 ارب روپے تک پہنچ گئی، جبکہ فضائی ٹکٹ پر 7.22 ارب روپے کا اضافہ ہوا۔کھاد اور دودھ و کریم کی خریداری پر بھی ایکسائز ڈیوٹی میں اضافہ ہوا، جس سے حکومت کو بالترتیب 29 ارب روپے اور 5 ارب روپے کی وصولی ہوئی۔