حکومت نے ریئل اسٹیٹ سیکٹر پر عائد 3 فیصد فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی (ایف ای ڈی) ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
یہ ڈیوٹی گزشتہ سال جولائی میں پہلی بار کسی پلاٹ کی پہلی فروخت پر عائد کی گئی تھی۔ ایف بی آر کے سینیئر حکام کے مطابق، یہ فیصلہ عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی مشاورت سے کیا گیا ہے۔فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی فائلرز پر 3 فیصد اور نان فائلرز پر 5 فیصد عائد کی گئی تھی۔ ذرائع کے مطابق، اب دونوں کیٹیگریز کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اور ایف بی آر نے اس سلسلے میں سمری بھیج دی ہے۔ایف بی آر کے ترجمان ڈاکٹر نجیب میمن کا کہنا ہے کہ فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی ختم کرنے کے لیے قانون سازی جلد کی جائے گی۔
وزیر خزانہ نے سمری کی منظوری دے دی ہے، اور جلد ہی یہ سمری وفاقی کابینہ کے سامنے پیش کی جائے گی۔اس کے علاوہ، حکومت نے سالانہ 10 ملین سے زیادہ آمدنی پر 10 فیصد سرچارج عائد کیا تھا۔ ذرائع کے مطابق، نئے مالی سال سے یہ سرچارج بھی ختم کیے جانے کا امکان ہے۔ حکومت تنخواہ دار طبقے پر سے ٹیکس کا بوجھ کم کرنے کے لیے مختلف امکانات پر غور کر رہی ہے، لیکن یہ فیصلے آئی ایم ایف کی رضامندی سے مشروط ہوں گے۔