لاس اینجلس میں آگ تاحال بے قابو، ملبہ ہٹانے پر پابندی عائد

 عمارتوں کے ملبے، راکھ اور گرد میں بھاری دھاتیں اور دیگر خطرناک مواد شامل ہوسکتا ہے،حکام
لاس اینجلس (آئی این پی)لاس اینجلس میں امریکی تاریخ کی تباہ کن آگ نو روز بعد بھی بے قابو ہے، ریسکیو ٹیموں کو تیز ہوائوں کے سبب آگ بجھانے میں مشکلات کا سامنا ہے۔غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر لاس اینجلس میں لگی آگ سے تباہ ہونے والی عمارتوں کا ملبہ ہٹانے پر پابندی عائد کردی گئی۔حکام کا کہنا ہے کہ عمارتوں کے ملبے، راکھ اور گرد میں بھاری دھاتیں اور دیگر خطرناک مواد شامل ہوسکتا ہے۔ یہ خطرناک اجزاء سانس کے ذریعے جلد پر لگنے سے یا پینے کے پانی میں شامل ہوکر جسم میں داخل ہوسکتے ہیں۔کچرے کو نامناسب طریقے سے ٹھکانے لگانے سے ان خطرناک مادوں کے پھیلائو کا خطرہ پیدا ہوسکتا ہے جس سے امدادی کارکنوں، رہائشیوں اور ماحول کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔