ابتک 24ہلاک،متاثرہ علاقوں میں جنگ جیسامنظر، آج اورکل بڑی تباہی کا خطرہ
نیشنل گارڈ کے مزید ہزار اہلکار تعینات ،2500 فوجی امدادی کاموں میں شریک
لاس اینجلس(خصوصی رپورٹ)امریکی ریاست کیلیفورنیا میں لاس اینجلس اور اس کے مضافاتی علاقوں کے جنگل میں لگنے والی آگ مزید بے قابو ،معاشی نقصان کا تخمینہ تقریباً 250 ارب امریکی ڈالر تک جا پہنچا۔ ہلاکتوں کی تعداد 24 ہو گئی جبکہ بیسیوں لوگ زخمی ہوئے ہیں ۔ فائر ڈیپارٹمنٹ نے خدشہ ظاہر کیا ہے آج اور کل آگ پر قابو پانے کی کوششیں تیز ہواؤں کی وجہ سے شدید متاثر ہو سکتی ہیں،بڑی تباہی کا خطرہ ہے۔حکام کا کہنا ہے آگ کے پھیلاؤ سے متعلق ریڈ فلیگ وارننگ بدھ تک نافذ رہے گی۔اس وقت لاس اینجلس میں تین مقامات پر آگ لگی ہوئی ہے ، پیلی سیڈز فائر پر 13 فیصد تک ہی قابو پایا جا سکا۔لاس اینجلس کاؤنٹی کے ڈپٹی شیرف نے کہا ہے کہ جنگل کی آگ نے شہر کے کچھ محلوں کو ایسا کر دیا ہے جیسے وہاں کوئی بڑی جنگ ہوئی ہو۔کیلیفورنیا کے گورنر گیون نیوسم نے اعلان کیا ہے کہ وہ لاس اینجلس میں مدد کیلئے کیلیفورنیا نیشنل گارڈ کے مزید ایک ہزار اہلکاروں کو تعینات کر رہے ہیں۔انھوں نے کہا کہ اب تقریبا 2500 فوجی متحرک ہیں جو آگ سے تباہ ہونے والے علاقوں کے لوگوں کو محفوظ رکھنے میں مدد جاری رکھیں گے۔