لاس اینجلس(آئی این پی )امریکہ کے وسط مدتی انتخابات کے ساتھ ساتھ لاس اینجلس میں امریکہ کے دوسرے بڑے شہر کے اگلے میئر کے انتخاب کے لئے بھی ووٹ ڈلے گئے ،آدھے سے کچھ زیادہ ووٹوں کی گنتی مکمل ہونے کے بعد میئر کی دوڑ انتہائی سخت مقابلے کی صورت اختیار کر گئی ہے جہاں موجودہ میئر کیرن بیس اور ان کی حریف نتھیا رامن کے درمیان ایک فیصد سے بھی کم فرق موجود ہے۔بی بی سی رپورٹ کے مطابق دونوں امیدواروں کا تعلق ڈیموکریٹک پارٹی سے ہے تاہم سٹی کونسل کی رکن نتھیا رامن خود کو ایک ڈیموکریٹک سوشلسٹ قرار دیتی ہیں۔اس انتخاب کے نتیجے سے یہ بھی طے ہو گا کہ آیا امریکہ کا دوسرا بڑا شہر نیویارک کی راہ پر چلتا ہے جہاں گزشتہ سال ڈیموکریٹک سوشلسٹ زوہران ممدانی میئر منتخب ہوئے تھے۔کیرن بیس کو ابتدا میں نتھیا رامن کی حمایت حاصل تھی، تاہم بعد میں رامن نے خود انتخابی میدان میں اترنے کا فیصلہ کیا۔اس کے بعد رامن نے اپنی حریف پر انتظامی ناکامیوں کے الزامات بھی عائد کیے ہیں۔کیرن بیس 2025 میں لاس اینجلس میں لگنے والی شدید جنگلاتی آگ کے دوران ملک سے باہر تھیں تاہم انھیں سٹی کونسل کے اراکین اور کیلیفورنیا کے گورنر گیون نیوسم کی حمایت حاصل ہے۔کیلیفورنیا میں بڑی تعداد میں ووٹرپوسٹل بیلٹ یعنی ڈاک کے ذریعے ووٹ ڈالتے ہیں جس کے باعث حتمی نتائج مرتب ہونے میں کئی ہفتے لگ سکتے ہیں۔