9 مئی مقدمات : نامزد ملزمان کی ملٹری کورٹ سے سزائوں کیخلاف اپیلیں

پشاور(آئی این پی)ملٹری کورٹ سے سزائوں کے خلاف 27ملزمان نے اپیلیں دائر کردیں۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق 9مئی واقعات میں نامزد خیبر پختونخوا سے 27ملزمان نے ملٹری کورٹس سے سزائوں کے خلاف کورٹ آف اپیل میں قاضی انور ایڈووکیٹ اور بیرسٹر سرور مظفر شاہ کی وساطت سے اپیلیں دائر کی ہیں۔اپیل میں کہا گیا کہ ملزمان کو پوری صفائی کا موقع نہیں دیا گیا اور نہ ہی ٹرائل کے دیگر قانونی تقاضے پورے کیے گئے، اپیل کنندگان کے خلاف منصفانہ مقدمہ نہیں چلایا گیا۔ ملٹری کورٹ میں سویلینز کا ٹرائل چلانا غیر آئینی اور غیر قانونی ہے جب کہ اپیل کنندگان کو ٹرائل کے دوران بنیادی حقوق سے بھی محروم رکھا گیا۔اپیل آف کورٹ میں دائر اپیل میں استدعا کی گئی کہ تمام اپیلوں کو منظور کیا جائے اور تمام ملزمان کو الزامات سے بری کیا جائے۔