وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد کے علاقے جی سکس لیس میں قائم کیش لیس رمضان سہولت بازار کا دورہ کیا۔
اس موقع پر انہوں نے سبزیوں، پھلوں اور دیگر اشیائے ضروریہ کے اسٹالز کا معائنہ کیا، اشیاء کی معیار اور قیمتوں کا جائزہ لیا۔ محسن نقوی نے انتظامیہ کو ہدایت دی کہ ریٹ لسٹ واضح طور پر آویزاں کی جائے تاکہ عوام کو قیمتوں کا علم ہو اور کوئی خلاف ورزی نہ ہو۔وزیر داخلہ نے رمضان بازاروں میں صفائی اور سکیورٹی کے انتظامات بہتر بنانے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے شہریوں سے ملاقات کی اور ان سے اشیائے خوردونوش کی معیار اور قیمت کے بارے میں دریافت کیا۔ بعض شہریوں نے ریٹ لسٹ پر عملدرآمد نہ ہونے کی شکایت کی، جس پر محسن نقوی نے کہا کہ ریٹ واضح طور پر لکھ کر آویزاں کرنا ضروری ہے تاکہ عوام کو سستی اور معیاری اشیاء فراہم کی جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنا اولین ترجیح ہے اور اس میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے رمضان بازار کے انتظامات پر وزیر داخلہ کو بریفنگ دی، جس میں بتایا گیا کہ جی سکس رمضان بازار میں کچھ نجی کمپنیوں کے اسٹالز بھی قائم ہیں اور یہ بازار صبح 9 بجے سے شام 4 بجے تک کھلا رہے گا۔ منڈی ریٹ کے مطابق اشیاء کی فروخت یقینی بنانے کے لیے خصوصی مانیٹرنگ میکنزم فعال کیا گیا ہے۔ اس موقع پر چیف کمشنر اسلام آباد، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد، ڈی جی انفورسمنٹ، سسٹنٹ کمشنر اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔