3 سیڈ ڈیلرز کیخلاف قلندرے تیار ، ایک دکان سیل، دو میں موجود بیج سیل
محکمہ زراعت کی کارروائیوں میں سوا 23لاکھ روپے کے بیج ضبط کئے گئے
ساہیوال، چیچہ وطنی، کسووال(خصوصی رپورٹ) سیکرٹری زراعت اور ڈائریکٹر جنرل زراعت توسیع پنجاب کی ہدایات پر محکمہ زراعت پنجاب کے تحت ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع ڈاکٹر طاہر جاوید کی زیر نگرانی سیڈ انسپکٹرز ڈاکٹر محمد اسلم اور محمد عرفان شاد نے بہاریہ مکئی ہائبرڈ بیج کی فروخت کی مانیٹرنگ کی۔دورانِ انسپکشن بغیر لائسنس بیج فروخت کرنے اور بلیک مارکیٹنگ کی متعدد خلاف ورزیاں سامنے آئیں۔ تحصیل ساہیوال میں مجموعی طور پر 15 انسپکشنز کی گئیں، بغیر سیڈ لائسنس بیج فروخت کرنے پر 3 سیڈ ڈیلرز کے خلاف قلندرے تیار کیے گئے، ایک دکان سیل جبکہ دو دکانوں میں موجود بیج سیل کر دیا گیا۔ کارروائی کے دوران 142 تھیلے بیج ضبط کیے گئے جن کی مجموعی مالیت تقریباً 21اعشاریہ 30 لاکھ روپے بنتی ہے۔اسی طرح چیچہ وطنی میں غلہ منڈی کسووال کے دوران دو ڈیلرز بلیک مارکیٹنگ اور بغیر لائسنس بیج فروخت کرتے ہوئے پائے گئے جن سے 206600 روپے مالیت کا بیج ضبط کیا گیا جبکہ متعلقہ قلندرے عدالت میں پیش کرنے کیلئے تیار کر لیے گئے ہیں۔ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع ڈاکٹر طاہر جاوید نے اس موقع پر کہا کہ غیر معیاری اور غیر قانونی بیج فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں روزانہ کی بنیاد پر جاری رکھی جائیں گی تاکہ قانون کی بالادستی کو یقینی بنایا جا سکے اور کاشتکاروں کو معیاری بیج کی مناسب نرخوں پر فراہمی کے ذریعے ریلیف فراہم کیا جا سکے۔