سری لنکن صدر کا پاکستانیوں کیلئے ویزا مشکلات فوری ختم کرنے کا حکم

 سری لنکا کی وزیراعظم کو بہت جلد پاکستان کے دورے پر بھیج رہے ہیں:سری لنکن صدر  کی محسن نقوی سے ملاقات میں گفتگو
کولمبو(آئی این پی ) سری لنکا کے صدر انورا کمارا ڈسانائیکے  نے پاکستانیوں کو درپیش ویزہ مشکلات کے فوری خاتمے کا حکم دیدیا ہے۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سری لنکا کے صدر انورا کمارا ڈسانائیکے سے اہم ملاقات کی۔ملاقات کے دوران وزیر داخلہ محسن نقوی نے پاکستانیوں کو ویزہ میں مشکلات کے بارے میں آگاہ کیا جس پر سری لنکن صدر نے فوری نوٹس لیتے ہوئے پاکستان کو تمام لسٹوں سے نکالنے کا حکم دیا، وفاقی وزیر اوورسیز پاکستانیز چودھری سالک حسین بھی اس موقع پر موجود تھے۔سری لنکن صدر نے کہا کہ سری لنکا کی وزیراعظم کو بہت جلد پاکستان کے دورے پر بھیج رہے ہیں۔ملاقات میں انسداد دہشت گردی، انسداد منشیات اور فورسز کی مشترکہ ٹریننگ کے امور پر تفصیلی بات چیت ہوئی، محسن نقوی نے پاک سری لنکا تعلقات کے فروغ کیلئے سری لنکن صدر کے کردار کی تعریف کی۔محسن نقوی نے وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے سری لنکن صدر کو پاکستان کا دورہ کرنے کا دعوت نامہ پہنچایا۔