حلف برداری کی تقریب صدارتی محل کے بجائے پارلیمنٹ کی عمارت کے ساتھ کھلے آسمان تلے ہوئی
وفاقی وزیر احسن اقبال نے حلف برداری کی تقریب میں شرکت کی‘محمد یونس سمیت متعدد رہنمائوں سے ملاقاتیں
ڈھاکا(آئی این پی) بنگلا دیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی)کے سربراہ طارق رحمان نے شاندار انتخابی کامیابی کے بعد بنگلا دیش کے وزیر اعظم کے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔ ان کی جماعت نے پارلیمانی انتخابات میں دو تہائی اکثریت حاصل کر کے تقریبا دو دہائیوں بعد اقتدار میں واپسی کی ہے۔روایت کے برعکس حلف برداری کی تقریب صدارتی محل کے بجائے قومی پارلیمنٹ کی عمارت کے ساتھ پلازہ میں کھلے آسمان تلے منعقد ہوئی۔صدر محمد شہاب الدین نے طارق رحمان اور ان کی کابینہ سے حلف لیا۔ تقریب میں اعلی سیاسی و عسکری حکام، سفارت کاروں اور چین، بھارت اور پاکستان سمیت مختلف ممالک کے نمائندوں نے شرکت کی۔پاکستان کی جانب سے وفاقی وزیر احسن اقبال نے تقریب میں شرکت کی انہوں نے عبوری حکومت کے سابق سربراہ محمد یونس اور دیگر رہنمائوں سے بھی ملاقاتیں کیں