صوبے میں سکیورٹی صورتحال پہلے ہی خراب ہے، ایسے میں سڑکوں کی بندش عوام کے ساتھ زیادتی ہے:ججوں کے ریمارکس
پشاور(آئی این پی)پشاور ہائیکورٹ میں موٹر وے اور جی ٹی روڈ کی بندش کے خلاف دائر درخواستوں پر سماعت کے دوران عدالت نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے آئی جی پولیس اور چیف سیکرٹری کو فوری طور پر سڑکیں کھولنے کا حکم دے دیا۔جسٹس اعجاز انور اور جسٹس فراح جمشید نے کیس کی سماعت کی۔سماعت کے دوران جسٹس اعجاز انور نے آئی جی پولیس سے استفسار کیا اب تک سڑکیں بند کرنے والوں کے خلاف کتنے مقدمات درج کیے گئے ہیں۔عدالت نے ریمارکس دیے آئین ہر شہری کو آزادانہ نقل و حرکت کا حق دیتا ہے اور سڑکوں کی بندش سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔درخواست میں مقف اختیار کیا گیا کہ پی ٹی آئی کارکنان نے انبار انٹرچینج پر موٹر وے جبکہ اٹک پل کے قریب جی ٹی روڈ پر دھرنا دے رکھا ہے، جس سے بین الصوبائی رابطے متاثر ہوئے ہیں اور عام شہریوں، مریضوں اور مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔عدالت نے چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ اور آئی جی پولیس ذوالفقار کو طلب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ بتایا جائے سڑکیں کھولنے کے لیے اب تک کیا اقدامات کیے گئے ہیں۔