گستاخانہ مواد کے خلاف کمیشن کے بجائے حکومت خود مقدمات دائر کرے، علی محمد خان

گستاخانہ مواد کے خلاف کمیشن کے بجائے حکومت خود مقدمات دائر کرے، علی محمد خان

اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن قومی اسمبلی علی محمد خان نے گستاخانہ مواد کے خلاف کمیشن بنانے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت خود استغاثہ بن کر مقدمات دائر کرے اور گستاخانہ مواد کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔

قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے علی محمد خان نے کہا کہ کافی عرصے سے سوشل میڈیا پر گستاخانہ مواد سامنے آ رہا ہے، جس پر حکومتِ وقت کو سخت نوٹس لینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ختم نبوت سے متعلق ملک میں پہلے ہی قانون پاس ہوچکا ہے، لہٰذا حکومت کو چاہیے کہ وہ خود مقدمات درج کروائے اور اس میں استغاثہ بنے، بجائے اس کے کہ کمیشن کی طرف جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے ایک جج نے گستاخانہ مواد کے خلاف کمیشن بنانے کی تجویز دی ہے، لیکن حکومت کو اس تجویز پر عمل نہیں کرنا چاہیے، کیونکہ کمیشن بننے سے گستاخی کے مقدمات کمزور ہونے کا خدشہ ہے۔علی محمد خان نے خبردار کیا کہ اگر کمیشن بنایا گیا تو گستاخی کے مرتکب افراد کو بیرون ملک فرار ہونے کا موقع مل سکتا ہے، جس کے بعد وہ دوبارہ توہین آمیز کارروائیاں کر سکتے ہیں۔ انہوں نے تجویز دی کہ گستاخی کے مقدمات عدالتوں میں چلنے دیے جائیں، تاکہ اوپن کورٹ میں سب کو صفائی کا موقع دیا جا سکے اور انصاف کے تقاضے پورے کیے جائیں۔