لاہور3زون میں تقسیم ،31 اضلاع اے اور بی کیٹیگریز میں تبدیل
لاہور (کرائم رپورٹر )پنجاب پولیس میں نئے بننے والے یونٹ سی سی ڈی کا ڈھانچہ مکمل کر لیا گیا۔لاہور کو 3 زون نارتھ،ساؤتھ اور سنٹرل میں تقسیم کر دیا گیا جبکہ لاہور سمیت 4 بڑے ریجن کو چھوڑ کر باقی 31 اضلاع کو اے اور بی کیٹیگریز میں تبدیل کر دیا گیا۔ سی سی ڈی کے ایڈیشنل آئی جی کے ماتحت 3 ڈی آئی جیز ہوں گے جن میں ڈی آئی جی آپریشنز، انویسٹی گیشن اور ڈی آئی جی سی سی ڈی لاہور شامل ہیں۔ تینوں زون میں ایس ایس پی رینک کے افسر تعینات ہوں گے،ڈی آئی جی رینک کا افسر لاہور میں سی سی ڈی کا سربراہ ہو گا،مکمل نفری 900 اہلکاروں پر مشتمل ہو گی۔ راولپنڈی، گوجرانوالا ، فیصل آباد اور ملتان ریجن میں ایس ایس پی ہیڈ ہو گا،4 سی پی اوز، نفری 1 ہزار ہو گی ،اے کیٹیگری کے اضلاع کی نفری 1500 ،بی کیٹیگری میں 850 ہو گی۔4250 کارپولز کی نئی سیٹوں کی منظوری پنجاب حکومت دے گی۔