بدقسمتی ہے ماضی میں ترقی کرتا ملک پٹڑی سے اتار دیا گیا، سیاست میں گند ڈال کر اسے تباہ کیا گیا ، بد تہذیبی، بدتمیزی، بغض اور انتقام کوسیاست بنادیا گیا
جمہوریت کی پیٹھ میں خنجر گھونپا گیا، پالیسیوں کے تسلسل سے معاشی ترقی یقینی ہوگی، کرپشن، معاشی تباہی، مہنگائی اور بدتمیزی "تبدیلی"کی سوغاتیں تھیں:ارکان اسمبلی سے گفتگو
لاہور(سپیشل رپورٹر‘ایجنسیاں ) مسلم لیگ ن کے صدر و سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے ہمارا بیانیہ ملک کی ترقی اور عوام کو مہنگائی سے نجات دلاکر خوشحال بنانا ہے، بدقسمتی ہے ماضی میں ترقی کرتا ملک پٹڑی سے اتار دیا گیا، سیاست میں گند ڈال کر اسے تباہ کیا گیا ، بد تہذیبی، بدتمیزی، بغض اور انتقام کوسیاست بنادیا گیا، معیشت اور اقدار تباہ کیں ، جمہوریت کی پیٹھ میں خنجر گھونپا گیا۔تفصیل کے مطابق صدر مسلم لیگ ن نواز شریف اور وزیراعلی پنجاب مریم نواز سے ارکان پنجاب اسمبلی نے ملاقات کی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان ڈیفالٹ کے منہ سے واپس آیا ہے، وزیراعظم شہبازشریف کی محنت سے معاشی استحکام واپس آیا ہے، پالیسیوں کے تسلسل سے معاشی ترقی یقینی ہوگی، کرپشن، معاشی تباہی، مہنگائی اور بدتمیزی "تبدیلی"کی سوغاتیں تھیں، ہم نے آئی ایم ایف کو خدا حافظ کہہ دیا تھا۔صدر مسلم لیگ کا مزید کہنا تھا کہ ہمارا بیانیہ ملک کی ترقی اور عوام کو مہنگائی سے نجات دلاکر خوش حال بنانا ہے، جو وعدے کئے تھے اللہ تعالی کے فضل وکرم سے وہ آج عوام کو پورے ہوتے نظر آرہے ہیں۔