چیئرمین نیپرا کی مجموعی تنخواہ 32 لاکھ 50 ہزار روپے ، عہدیداروں کی تنخواہ 29 لاکھ 50 ہزار روپے تک پہنچ گئی،تنخواہیں اعلی عدلیہ کے ججوں سے بھی زیادہ ہو گئیں
نیپرا حکام نے ججوں کے جوڈیشل الائونس کی طرز پر اپنے لئے ماہانہ 6 لاکھ 31 ہزار سے 7 لاکھ روپے ریگولیٹری الائونس کی منظوری دے دی ‘نظرثانی پیکیج میں بنیادی تنخواہ بھی شامل
اسلام آباد(آئی این پی ) نیشنل الیکٹرک اینڈ پاور ریگولیٹری اتھارٹی(نیپرا) کے اعلی حکام نے وفاقی کابینہ کی لازمی منظوری کے بغیر اپنی تنخواہوں میں 3 گنا تک اضافہ کردیا ۔میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ اضافہ ایک ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب پاور سیکٹر کو بڑے پیمانے پر تکنیکی، تجارتی اور ڈسٹری بیوشن خسارے کا سامنا ہے۔تمام ریگولیٹری باڈیز کے چیئرپرسن اور اراکین عام طور پر زیادہ سے زیادہ مینجمنٹ پوزیشن (ایم پی) سکیل ون کے حقدار ہوتے ہیں، جس کی بنیادی تنخواہ 6 لاکھ 29 ہزار روپے سے لے کر 7 لاکھ 72 ہزار 780 روپے ماہانہ ہوتی ہے۔دیگر مراعات، جن میں گھر کا کرایہ ایک لاکھ 46 ہزار سے 2 لاکھ 6 ہزار روپے اور یوٹیلیٹیز کے لیے 35 ہزار روپے شامل ہیں، ان کی مجموعی تنخواہ 8 لاکھ سے 10 لاکھ روپے تک پہنچ جاتی ہے۔ذرائع کے مطابق نیپرا حکام نے اپنے معاوضوں میں تقریبا 3 گنا اضافے کی منظوری دی۔ریگولیٹری باڈی کو 10 فروری کو ایک تفصیلی سوالنامہ بھیجا گیا تھا جس میں تنخواہوں میں ترمیم اور حکومت کی منظوری طلب کی گئی تھی، لیکن متعدد یاد دہانیوں کے باوجود کوئی جواب نہیں ملا۔اس اضافے سے چیئرمین نیپرا کی مجموعی تنخواہ 32 لاکھ 50 ہزار روپے اور عہدیداروں کی مجموعی تنخواہ 29 لاکھ 50 ہزار روپے تک پہنچ گئی ہے۔نظر ثانی شدہ معاوضہ پیکج میں 7 لاکھ سے 7 لاکھ 73 ہزار روپے کی بنیادی تنخواہ شامل ہے، علاوہ ازیں نیپرا حکام نے ججز کے جوڈیشل الائونس کی طرز پر اپنے لیے ماہانہ 6 لاکھ 31 ہزار سے 7 لاکھ روپے ریگولیٹری الاونس کی منظوری دے دی ہے۔انہوں نے 2024 کے لیے 5 لاکھ 87 ہزار روپے سے 6 لاکھ 50 ہزار روپے کا ایڈہاک ریلیف بھی حاصل کیا ہے۔اس کے علاوہ وہ 2023 کے لیے 5 لاکھ 44 ہزار سے 6 لاکھ روپے کی شرح سے ایڈہاک ریلیف کے اہل بھی ہو گئے ہیں۔اس کے علاوہ 2022 کے لیے ایک لاکھ 5 ہزار سے ایک لاکھ 16 ہزار روپے ماہانہ اور 2021 کے لیے 70 ہزار سے 77 ہزار 300 روپے ماہانہ ایڈہاک ریلیف کے طور پر گھر کا کرایہ الائونس بھی دیا جائے گا۔ان کی دیگر مراعات میں 96 ہزار روپے اور یوٹیلٹی الانس 32 ہزار سے 35 ہزار روپے شامل ہیں۔ان کی مجموعی تنخواہوں کا پیکج اب 29 لاکھ 50 ہزار روپے سے بڑھ کر 32 لاکھ 50 ہزار روپے تک پہنچ گیا ہے جو اعلی عدالتوں کے ججز سے بھی زیادہ ہے۔نیپرا ایکٹ 1997 کے سیکشن 8 میں چیئرمین نیپرا اور اراکین کی تنخواہ، مراعات اور مراعات کا ذکر کیا گیا ہے۔اتھارٹی کے چیئرمین اور اراکین ایسے معاوضے اور الانسز کے اہل ہوں گے جو اتھارٹی وفاقی حکومت کی منظوری سے طے کرے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ ترامیم حکومت کی منظوری کے بغیر کی گئیں۔نیپرا ایکٹ کے سیکشن 8 میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ چیئرپرسن اور اراکین کے معاوضے اور الانسز ان کے کام کی خصوصی نوعیت اور نجی شعبے میں مسابقتی تنخواہوں کی ادائیگی کو یقینی بنائیں گے۔نیپرا کے زیادہ تر ارکان اور چیئرپرسن عام طور پر ریٹائرڈ بیوروکریٹس ہوتے ہیں جن کی آخری تنخواہ 6 لاکھ سے 7 لاکھ روپے کے درمیان ہوتی ہے