اسلحہ، مشینری اور جہاز خریدنے کیلئے بھی پیسا چاہیے، ضروری ہے فوج کو اچھا دفاعی بجٹ دیا جائے،مشیرخزانہ
اسلام آباد(آئی ا ین پی ) مشیر خزانہ خیبر پختونخوا حکومت مزمل اسلم نے رواں سال دفاعی بجٹ دو کے بجائے تین گنا بڑھانے کی تجویز دے دی۔ایک نجی ٹی وی سے گفتگو میں مزمل اسلم نے کہا کہ دفاعی بجٹ میں دو گنا نہیں تین گنا اضافہ ہونا چاہیے ، فوج کا سارا بجٹ تنخواہوں کی ادائیگی میں چلا جاتا ہے، اسلحہ، مشینری اور جہاز خریدنے کیلئے بھی تو پیسا چاہیے، ضروری ہے کہ فوج کو اچھا دفاعی بجٹ دیا جائے۔مزمل اسلم نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے کم وقت میں زیادہ آئی ایم ایف پروگرام لیے، معیشت کو مدنظر رکھتے ہوئے پی ٹی آئی نے ہر پروگرام میں تعاون کیا، اگر پی ٹی آئی تعاون نہ کرتی تو حکومت پیش رفت نہ کر پاتی، حکومت چاہ رہی ہے ہم کچھ ایسا کریں جس سے ملک کو نقصان ہو، ہم ان کو سیاست چمکانے کا موقع فراہم نہیں کرنا چاہتے۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے بجٹ تیاری کے لیے بانی پی ٹی آئی سے مشاورت ضروری ہے، اگر عمران خان سے ملنے نہیں دیں گے تو وفاق کی خواہشات کے مطابق بجٹ نہیں بنے گا، اگر ان سے ملاقات کرنے دی گئی تو وفاق کی مرضی سے اچھا بجٹ دیں گے۔