حفاظتی انتظامات کے بغیر پتنگ بازی کی اجازت دینے کے خلاف تحفظات اٹھائے گئے
لاہور(خصوصی رپورٹ) لاہور ہائیکورٹ نے پتنگ بازی کے خلاف دائر متفرق درخواست پر سماعت کے لیے 18 دسمبر کو تاریخ مقرر کر دی ہے۔ عدالت نے رجسٹرار آفس کا اعتراض ختم کرتے ہوئے کیس کو سماعت کے لیے منظور کر لیا۔ہائیکورٹ کے جسٹس ملک محمد اویس خالد نے جوڈیشل ایکٹوزم پینل کی جانب سے دائر درخواست پر بطور اعتراض کیس کی سماعت کی۔ ہائیکورٹ آفس نے درخواست پر ناقابل سماعت ہونے کا اعتراض لگایا تھا، تاہم عدالت نے یہ اعتراض مسترد کر دیا۔درخواست میں حفاظتی انتظامات کے بغیر پتنگ بازی کی اجازت دینے کے اقدام کو چیلنج کیا گیا ہے۔ درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ دھاتی اور کیمیکل لگی ڈور شہریوں کی جان و مال کے لیے سنگین خطرہ ہے اور 2024 میں پتنگ بازی پر 1922 ایف آئی آرز درج ہوئیں۔ وکیل نے استدعا کی کہ لائسنسنگ، سیف زونز اور ایس او پیز کے بغیر پتنگ بازی کی اجازت نہ دی جائے۔