مقبوضہ کشمیر کے عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی ، ظلم کے خاتمے کا وقت قریب ہے ، پنجاب حکومت کشمیری صحافیوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرے گی
سیاست میں گالی گلوچ کے بجائے کارکردگی کی بنیاد پر مقابلہ ہونا چاہیے، جھوٹے بیانیے نے ملک کو نقصان پہنچا: آزاد کشمیر کے صحافیوں کے وفد سے گفتگو
لاہور(سپیشل رپورٹر)وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے کشمیر اور پاکستان ایک جان ہیں اور انہیں کوئی طاقت جدا نہیں کر سکتی، مقبوضہ کشمیر کے عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور ظلم کے خاتمے کا وقت قریب ہے۔صوبائی وزیر اطلاعات سے آزاد کشمیر سے آئے صحافیوں کے وفد نے ملاقات کی، ملاقات میں سیکرٹری اطلاعات پنجاب سید طاہر رضا ہمدانی اور ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز (ڈی جی پی آر) شیخ فرید احمد بھی موجود تھے۔وزیر اطلاعات پنجاب نے وفد کو وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے مختلف فلاحی اور ترقیاتی انیشیٹوز کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔اس موقع پر وزیر اطلاعات عظمی بخاری نے کہا کہ پنجاب حکومت کشمیری صحافیوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرے گی، مجھے وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ٹیم کا حصہ ہونے پر فخر ہے، جن کی قیادت میں پنجاب عالمی سطح پر نمایاں مقام حاصل کر رہا ہے۔وزیر اطلاعات نے سیاست کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیاست میں گالی گلوچ کے بجائے کارکردگی کی بنیاد پر مقابلہ ہونا چاہیے اور جو عوام کی خدمت کرے وہی سیاست میں آگے بڑھنے کا حق دار ہے، جھوٹے بیانیے نے ملک کو نقصان پہنچایا جبکہ سچ اور کارکردگی ہی کامیابی کا واحد راستہ ہیں۔انہوں نے نوجوانوں کو ملک کا قیمتی اثاثہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ نوجوان وزیراعلی مریم نواز شریف کی اولین ترجیح ہیں اور تعمیری پروگرامز کے ذریعے انہیں ہنر مند بنایا جا رہا ہے