گیس مہنگی کرنے کی تیاری مہنگائی میں کمی کے دعوے ٹھس
سوئی ناردرن کیلئے گیس کی اوسط قیمت 1778روپے 35 پیسے فی ایم ایم بی ٹی یو اور سوئی سدرن کیلئے 1762روپے51 پیسے فی ایم ایم بی ٹی یو ہوگی
اوگرا نے فیصلہ وفاقی حکومت کو بھجوا دیا ،اعلامیہ، گیس کمپنیوں نے قیمتوں میں 208.67 فیصد تک اضافہ مانگا تھا
اسلام آباد(بیورو رپورٹ،خصوصی رپورٹ)مہنگائی میں کمی کے دعوے ٹھس ہو گئے ،گیس مہنگی کرنے کی تیاری کرلی گئی ،اوگرا نے گیس کی قیمتیں 25.78 فیصد تک بڑھانے کی منظوری دے دی،حتمی فیصلہ وفاقی حکومت کریگی۔اوگرا کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا سوئی ناردرن گیس کمپنی کے لئے گیس قیمت میں 8.71 فیصد اضافے اور سوئی سدرن کے لئے25.78فیصد اضافے کی منظوری دی گئی ہے۔سوئی ناردرن سسٹم کے لئے گیس کی اوسط قیمت 1778روپے 35 پیسے فی ایم ایم بی ٹی یو جبکہ سوئی سدرن سسٹم کے لئے گیس کی اوسط قیمت 1762روپے51 پیسے فی ایم ایم بی ٹی یو مقررکرنے کی منظوری دی گئی۔ اوگرا نے فیصلہ وفاقی حکومت کو بھجوا دیا قیمتوں میں اضافے کا حتمی فیصلہ وفاقی حکومت کی ایڈوائس کے بعد ہو گا۔ گیس کمپنیوں نے گیس قیمتوں میں 208.67 فیصد تک اضافہ مانگا تھاجس پر اوگرا نے گیس کمپنیوں کی درخواستوں پر گزشتہ ماہ عوامی سماعت کی تھی۔