بھارتی بزنس مین اور شلپا شیٹی کے شوہر راج کندرا نے اپنے پورنوگرافی کیس پر کھل کر بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی اہلیہ شلپا شیٹی کا اس کیس سے کوئی تعلق نہیں تھا، مگر میڈیا نے ان کے کیس میں شلپا کا نام جوڑ کر نہ صرف ان کے خاندان کو نقصان پہنچایا بلکہ اداکارہ کی ساکھ کو بھی متاثر کیا۔
راج کندرا نے اپنے حالیہ انٹرویو میں کہا کہ جب ان کے کیس میں ان کے اہل خانہ کو ملوث کیا گیا، تب انہیں لگا کہ اس معاملے پر بات کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ سنسنی خیز رپورٹنگ اور کلک بیٹ کے لیے میڈیا نے شلپا شیٹی کی تصاویر کا استعمال کیا، جو کہ غیر منصفانہ عمل تھا۔انہوں نے کہا کہ شلپا شیٹی نے اپنی محنت سے شہرت حاصل کی ہے اور ان کا نام اس تنازعے میں گھسیٹنا مناسب نہیں ہے۔ اس طرح کے الزامات نے ان کی اہلیہ کی ساکھ کو نقصان پہنچایا ہے اور میڈیا صرف ویوز اور کلک بیٹ کے لیے ان کا نام استعمال کر رہا ہے۔
راج کندرا نے مزید کہا کہ وہ گزشتہ 15 برسوں سے تاجر ہیں اور آئی پی ایل ٹیم کے مالک ہیں، لیکن شلپا شیٹی ایک مشہور اداکارہ اور شوبز اسٹار ہیں۔ ان کے خاندان کو اس کیس میں ملوث کرنا غلط ہے، خاص طور پر جب ان کا اس پورنوگرافی کیس سے کوئی تعلق نہیں تھا۔انہوں نے فحش فلمیں بنانے کے الزامات کی سختی سے تردید کی اور کہا کہ ان الزامات نے انہیں بہت تکلیف پہنچائی ہے، تاہم وہ عدالتوں پر مکمل بھروسہ رکھتے ہیں اور یقین رکھتے ہیں کہ انہیں انصاف ملے گا۔
یاد رہے کہ 2019 میں راج کندرا کو فحش فلمیں بنانے اور ان کو تقسیم کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا، لیکن اگلے سال انہیں ضمانت پر رہا کر دیا گیا تھا۔ اس کے علاوہ، انفورسمنٹ ڈپارٹمنٹ (ای ڈی) نے ان کے خلاف منی لانڈرنگ کا کیس بھی درج کیا تھا۔