شلپا شیٹی کے شوہر راج کندرا نے 72 ملین ڈالر فراڈ الزامات کی تردید کردی

شلپا شیٹی کے شوہر راج کندرا نے 72 ملین ڈالر فراڈ الزامات کی تردید کردی

نئی دہلی: بالی ووڈ کی مشہور اداکارہ شلپا شیٹی کے شوہر اور بزنس مین راج کندرا نے اپنے خلاف دائر 6.04 ارب بھارتی روپے (تقریباً 72 ملین ڈالر) کے مبینہ فراڈ الزامات کی سختی سے تردید کی ہے۔

راج کندرا نے اپنی نئی پنجابی فلم ’مہر‘ کے پروموشن کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کوئی غلط کام نہیں کیا اور سچ جلد سامنے آ جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا:"ہم نے اب تک کچھ نہیں کہا کیونکہ ہمیں معلوم ہے کہ ہم بے قصور ہیں، جلد سچ سامنے آ جائے گا۔"یہ الزامات 60 سالہ بزنس مین دیپک کوٹھاری کی جانب سے لگائے گئے ہیں۔ دیپک نے دعویٰ کیا کہ 2015 سے 2023 کے دوران ہونے والے ایک سرمایہ کاری معاہدے میں شلپا شیٹی اور راج کندرا نے دھوکہ دیا۔دیپک کے مطابق 2015 میں انہوں نے بیسٹ ڈیل ٹی وی پرائیویٹ لمیٹڈ (شریک مالکان شلپا شیٹی اور راج کندرا) کو 12 فیصد سالانہ منافع پر 7.5 ارب بھارتی روپے قرض دینے پر راضی کیا۔

 بعد میں یہ معاہدہ سرمایہ کاری میں تبدیل کر دیا گیا۔دیپک نے دعویٰ کیا کہ شلپا شیٹی نے اپریل 2016 میں اس معاہدے کے لیے ذاتی ضمانت دی تھی، لیکن ستمبر 2016 میں اداکارہ نے کمپنی کے ڈائریکٹر کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔ دیپک کے مطابق اُس وقت کمپنی پر دیوالیہ ہونے کے مقدمات بھی چل رہے تھے، جو مبینہ طور پر ان سے چھپائے گئے۔راج کندرا کی جانب سے الزامات کی تردید کے بعد معاملہ اب قانونی مراحل سے گزر رہا ہے اور شائقین و میڈیا اس کیس پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔