بھارتی مشہور گلوکار اور ریپر بادشاہ پر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر 15,500 روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔
یہ واقعہ گرگام کے سیکٹر 68 میں آریا مال کے قریب پیش آیا، جہاں بادشاہ ایک کنسرٹ میں شرکت کے لیے پہنچے تھے۔پولیس کے مطابق بادشاہ ایک تین گاڑیوں کے قافلے میں کنسرٹ میں شرکت کے لیے آ رہے تھے، اور ان کی گاڑیوں میں سے ایک گاڑی کو غلط سمت میں چلانے کی وجہ سے جرمانہ عائد کیا گیا۔ دیگر دو گاڑیوں، جن میں ایک مرسڈیز بھی شامل تھی، کی شناخت کی کوشش کی جا رہی ہے تاکہ ان کے خلاف بھی کارروائی کی جا سکے۔
پولیس نے بتایا کہ گاڑیوں کے غلط سمت میں داخل ہونے کی وجہ سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی اور گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں۔ یہ واقعہ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی بنیاد پر رپورٹ ہوا، جس سے خلاف ورزی کی تصدیق ہوئی۔تاہم، بادشاہ نے اپنے اوپر عائد کیے گئے الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے ان کی تردید کی ہے۔ ڈپٹی کمشنر آف پولیس (ٹریفک) وریندر وج نے یہ بھی بتایا کہ ابھی تک یہ واضح نہیں ہو سکا کہ بادشاہ خود گاڑی چلا رہے تھے یا ان کے ساتھ ڈرائیور تھا۔