بانی پی ٹی ائی سمیت کسی سے مذاکرات نہیں ہوں گے :حنیف عباسی

فیض حمید پر فرد جرم عائد ہونے کے بعد بہت سے کردار بے نقاب ہوں گے،میڈیا سے گفتگو  
اسلام آباد (آ ئی این پی)پاکستان مسلم لیگ( ن )کے مرکزی رہنما ممبر قومی اسمبلی حنیف عباسی نے کہا ہے کہ نو مئی اور 26نومبر کی کارروائیوں میں ملوث بانی پی ٹی آئی سمیت کسی سے مذاکرات نہیں ہوں گے جب تک کہ وہ اپنے انجام کو نہیں پہنچ جاتے۔فیض حمید پر فرد جرم عائد ہونے کے بعد بہت سے کردار بے نقاب ہوں گے۔تحریک انصاف والوں کی حالت ایسی ہے کہ دلہن تیار بیٹھی ہے لیکن دلہا اس سے ملنے نہیں آرہا۔وہ پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ 26نومبر اور نو مئی کروانے والوں کے سربراہ اڈیالہ جیل میں گرفتار ہیں۔پاکستان ایک نیوکلیئر ملک ہے،یہ شام ،عراق، لیبیا یا مصر جیسے ممالک نہیں ہیں۔26نومبر اور نو مئی کو جن لوگوں نے منصوبہ سازی کی اس سب میں بانی پی ٹی آئی ملوث ہے۔انہوں نے کہا کہ یہودی لابی اس ملک کو غیر مستحکم کرنا چاہتی ہے۔بیرونی سطح پر پاکستان پر کوئی حملہ نہیں کر سکتا جس کے بعد پاکستان کے اندر میر جعفر اور میر صادق پیدا کیے گئے ہیں جنہوں نے پاکستان کی حساس تنصیبات پر حملہ کیا۔انہوں نے کہا کہ جن لوگوں نے قومی ادارہ جات پر حملے کیے ان کے ملٹری ٹرائل ہونے چاہئیں۔انہوں نے کہا کہ جب تک یہ لوگ اپنے منطقی انجام کو نہیں پہنچتے اس وقت تک پاکستان میں امن کی ضمانت اور انتشار ختم نہیں ہوگا۔