روس: نیوکلیئر پروٹیکشن فورسز کے سربراہ،معاون سمیت بم دھماکے میں ہلاک

دھماکا خیز مواد الیکٹرک سکوٹر میں چھپایا گیا تھا، جیسے ہی لیفٹیننٹ جنرل ایگور گھر سے باہر نکلے خوفناک دھماکا ہوگیا 
 ماسکو (آئی این پی)روس کے نیوکلیئر پروٹیکشن فورسز کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل ایگور کیریلوف ایک بم دھماکے میں ہلاک ہوگئے ۔غیرملکی خبررساںادارے کے مطابق روس میں خوفناک دھماکا عین اس وقت ہوا جب لیفٹیننٹ جنرل ایگور کیریلوف اپنی رہائش گاہ سے باہر نکل رہے تھے۔ یہ عمارت روسی دارالحکومت کے محفوظ علاقے اور کریملین سے محض 7کلومیٹر جنوب مشرق میں واقع تھی۔دھماکے میں روسی فیڈریشن کی مسلح افواج کی تابکاری، کیمیائی اور حیاتیاتی تحفظ کے دستوں کے سربراہ ایگور کیریلوف اور ان کے معاون کو ہلاک کر دیا گیا۔دھماکا خیز مواد ایک الیکٹرک سکوٹر میں چھپایا گیا تھا۔ جیسے ہی لیفٹیننٹ جنرل ایگور گھر سے باہر نکلے خوفناک دھماکا ہوگیا۔دھماکے کے بعد روسی افواج نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا لیکن کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی ہے۔تاحال اس حملے کی ذمہ داری کسی گروپ نے قبول نہیں کی ہے۔