رواں سال پنجاب سے ایک لاکھ 9 ہزار اشتہاری گرفتار

 لاہور سے 25 ہزار اشتہاری ، 10 ہزار 696 عدالتی مفرور پکڑے گئے
لاہور(کرائم رپورٹر)پنجاب پولیس نے سنگین جرائم میں مطلوب اشتہاری و عادی ملزموں اور عدالتی مفروروں کے خلاف کریک ڈائون جاری رکھتے ہوئے رواں سال لاہور سمیت صوبہ بھر سے ایک لاکھ 9 ہزار سے زائد اشتہاری ملزموں کو گرفتار کر لیا۔گرفتار اشتہاریوں میں اے کیٹگری کے 27 ہزار 820 جبکہ بی کیٹگری کے 81 ہزار 391 شامل ہیں۔صوبہ بھر میں کارروائیوں کے دوران 33 ہزار سے زائد عدالتی مفرور بھی گرفتار کیے گئے، اے کیٹگری کے 5 ہزار 31 اور بی کیٹگری کے 28 ہزار 306 عدالتی مفرور شامل ہیں۔ترجمان نے مزید بتایا کہ پولیس نے صوبہ بھر میں 11 ہزار 990 عادی مجرموں کو بھی گرفتار کیا، جن میں اے کیٹگری کے 4 ہزار 213 جبکہ بی کیٹگری کے 7 ہزار 777 ملزم شامل ہیں۔ رواں سال لاہور سے 25 ہزار 118 اشتہاری اور 10 ہزار 696 عدالتی مفرور اور 4 ہزار 898 عادی مجرموں کو گرفتار کیا گیا۔آئی جی نے ہدایت کی ہے کہ سنگین جرائم میں مطلوب اشتہاری و عادی مجرموں اور عدالتی مفروروں کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں مزید تیز کی جائیں۔