رواں سال :16 ہزار 881 اشتہاری گرفتار

5355 عدالتی مفروربھی پکڑے گئے ،کریک ڈائون مزید تیز کیا جائے:آئی جی 
لاہور(کرائم رپورٹر)پنجاب پولیس کی جانب سے سنگین جرائم میں مطلوب اشتہاری، عادی مجرموں اور عدالتی مفروروں کیخلاف بھرپور کریک ڈائون رواں سال بھی تسلسل کے ساتھ جاری ،ترجمان پنجاب پولیس نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ رواں سال لاہور سمیت صوبہ بھر سے مجموعی طور پر 16 ہزار 881 اشتہاری مجرموں کو گرفتار کیا گیا جن میں اے کیٹگری کے 5497 جبکہ بی کیٹگری کے 11 ہزار 384 اشتہاری مجرمان شامل ہیں۔ صوبہ بھر سے 5355 عدالتی مفروروں کو بھی گرفتار کیا گیا جن میں اے کیٹگری کے 1161 اور بی کیٹگری کے 4194 عدالتی مفرور شامل ہیں۔ ترجمان پنجاب پولیس نے مزید بتایا کہ اسی دوران 2543 عادی مجرموں کو بھی گرفتار کیا گیا جن میں اے کیٹگری کے 777 جبکہ بی کیٹگری کے 1766 عادی مجرم شامل ہیں۔ صوبائی دارالحکومت میں جاری کریک ڈائون کے دوران 3057 اشتہاری ، 2104 عدالتی مفرور اور 787 عادی مجرم گرفتار کیے گئے۔ آئی جی پنجاب عبدالکریم نے اشتہاریوں، عدالتی مفروروں اور عادی مجرموں کو گرفتار کرنے والی پولیس ٹیموں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں شاباش دی اور ہدایت کی کہ صوبہ بھر میں اشتہاری مجرموں کی گرفتاری کیلئے کریک ڈائون مزید تیز کیا جائے۔