ورثاء اور اہلِ علاقہ نے بچی کی تلاش شروع کی، تو پاؤں اور ٹانگوں کا کچھ حصہ دکھائی دیا
بیٹی گھر میں پرسکون سو رہی تھی، نامعلوم درندوں نے اسے اغوا کیا: والد حافظ محمد شہباز
واربرٹن (نمائندہ حریف) گاؤں عالیانوالہ میں دل دہلا دینے والا واقع 8 سالہ معصوم بچی اغوا کے بعد مبینہ زیادتی کا نشانہ بن کر جاں بحق نعش تالاب سے برآمد۔ تھانہ واربرٹن کی حدود میں واقع گاؤں عالیانوالہ میں ایک انتہائی اندوہناک اور لرزہ خیز واقعہ پیش آیا ہے، جہاں 8 سالہ معصوم بچی کو مبینہ طور پر اغوا کے بعد زیادتی کا نشانہ بنا کر قتل کر دیا گیا۔ واقعے کے بعد علاقے میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔بتایا گیا ہے بچی کے والد حافظ محمد شہباز کے مطابق، ان کی معصوم بیٹی گھر میں پرسکون سو رہی تھی کہ نامعلوم درندوں نے اسے اغوا کر لیا۔ ملزمان نے مبینہ طور پر بچی کو زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد بے دردی سے قتل کر دیا اور شناخت مٹانے کے لیے لاش گاؤں کے باہر کھیتوں میں موجود پانی اور کیچڑ سے بھرے ہوئے کھڈے میں دبا دی۔نعش کی برآمدگی۔صبح کے وقت جب ورثاء اور اہلِ علاقہ نے بچی کی تلاش شروع کی تو اس کے پاؤں اور ٹانگوں کا کچھ حصہ پانی سے باہر دکھائی دیا۔ تلاش کرنے والے افراد نے فوری طور پر اس کی اطلاع پولیس کو دی۔اطلاع ملتے ہی تھانہ واربرٹن پولیس نے موقع پر پہنچ کر تمام شواہد اکٹھے کیے اور نعش کو قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ننکانہ صاحب روانہ کر دیا۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی تمام زاویوں سے سنجیدگی سے تفتیش کی جا رہی ہے۔ تاہم، بچی کے ساتھ زیادتی اور موت کی اصل وجوہات کا حتمی تعین پوسٹ مارٹم رپورٹ موصول ہونے کے بعد ہی کیا جا سکے گا۔ علاقہ مکینوں اور سماجی حلقوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ اس گھناؤنے جرم میں ملوث ملزمان کو فوری طور پر گرفتار کر کے عبرتناک سزا دی جائے۔