کمرہ عدالت کے باہر فریقین آپس میں لڑ پڑے، پولیس اہلکاروں نے بیچ بچائو کرایا
لاہور (یواین پی) لاہور ہائیکورٹ نے پسند کی شادی کرنے والی لڑکی کی بازیابی سے متعلق کیس کی سماعت کے وران لڑکی کو اس کے شوہر کے ساتھ جانے کی اجازت دے دی،تاہم عدالتی کارروائی مکمل ہونے کے بعد کمرہ عدالت کے باہر فریقین آپس میں لڑ پڑے، جس پر پولیس اہلکاروں نے بیچ بچائو کرایا۔جسٹس صادق محمود خرم نے پسند کی شادی کرنے والی لڑکی کی بازیابی سے متعلق کیس کی سماعت کی۔ سماعت کے دوران لڑکی کو عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں عدالت نے اس کا موقف معلوم کرنے کے بعد اسے اپنی مرضی کے مطابق اپنے شوہر کے ساتھ جانے کی اجازت دے دی۔عدالتی کارروائی مکمل ہونے کے بعد جیسے ہی فریقین عدالت سے باہر نکلے تو مبینہ طور پر ان کے درمیان تلخ کلامی ہوگئی، جو بعد ازاں جھگڑے میں تبدیل ہوگئی۔فریقین کے درمیان ہونے والے جھگڑے کے باعث کمرہ عدالت کے باہر کچھ دیر کے لیے صورتحال کشیدہ ہوگئی۔پولیس اہلکاروں نے فوری طور پر مداخلت کرتے ہوئے دونوں جانب کے افراد کو الگ کیا اور بیچ بچا کرایا۔ پولیس کی مداخلت کے بعد صورتحال پر قابو پالیا گیا۔عدالت کی اجازت ملنے کے بعد پسند کی شادی کرنے والی لڑکی اپنے شوہر کے ہمراہ روانہ ہوگئی۔