لاہور، ظالم بھتیجے نے سگے تایا کو ڈنڈے مار کر موت کے گھاٹ اتار دیا

 باگڑیاں میںکرامت کا اپنے بھائی نیامت سے گھریلو معاملے پر جھگڑا ہوا تھا 
 نیامت کے بیٹے محمد الیاس نے تایا کرامت پر ڈنڈوں سے وار کیے،لاش ہسپتال منتقل 
لاہور(کرائم رپورٹر )لاہور کے علاقے گرین ٹائون میں گھریلو تنازعہ کے دوران بھتیجے نے مبینہ طور پر ڈنڈوں کے وار کر کے 72 سالہ تایا کو قتل کر دیا۔پولیس کے مطابق واقعہ باگڑیاںچوک میں پیش آیا جہاں کرامت نامی شخص کا اپنے بھائی نیامت سے گھریلو معاملے پر جھگڑا ہوا۔پولیس کا کہنا ہے کہ لڑائی کے دوران نیامت کے بیٹے محمد الیاس نے مبینہ طور پر اپنے تایا کرامت پر ڈنڈوں سے وار کیے، جس کے نتیجے میں وہ جان کی بازی ہار گئے۔واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی اور ایک ملزم کو گرفتار کر لیا۔پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرنے کے بعد مقتول کی لاش مردہ خانے منتقل کر دی اور اب واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔