گڈز ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال پانچویں روز بھی جاری، مذاکرات ناکام

پٹرولیم قیمتوں میں روزانہ ردوبدل کا فیصلہ واپس لینے اور فیسوں میں پچاس فیصد کمی کا مطالبہ برقرار
 لاہور(زیڈ این این)گڈز ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال پانچویں روز بھی جاری  رہی، جبکہ حکام ٹرانسپورٹرز کو ہڑتال ختم کرنے پر قائل نہ کرسکے۔ حکومتی مذاکراتی ٹیم اور گڈز ٹرانسپورٹرز کے درمیان مذاکرات بھی بے نتیجہ رہے ۔حکومتی مذاکراتی ٹیم نے ٹرانسپورٹ ہاؤس میں گڈز ٹرانسپورٹرز کے مختلف نمائندگان سے ملاقات کی۔ ٹیم میں سیکرٹری ٹرانسپورٹ عمران سکندر بلوچ، سیکرٹری پروونشل ٹرانسپورٹ اتھارٹی حسان احسن، سیکرٹری آر ٹی اے رانا محسن اور چیف ٹریفک آفیسر عبدالرحیم شیرازی شامل تھے۔مذاکرات کے دوران ٹرانسپورٹرز نے اپنے مطالبات حکام کے سامنے رکھے اور مطالبات تسلیم ہونے تک ہڑتال جاری رکھنے کا اعلان کیا۔ ٹرانسپورٹرز کا مطالبہ ہے کہ روزانہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کا فیصلہ واپس لیا جائے، جبکہ ٹوکن، ٹول اور ٹرانسفر فیس میں 50 فیصد کمی کی جائے