حج 2027 کیلئے درخواستوں کی وصولی آج شروع ہوگی

حج درخواستیں پہلے آئیے، پہلے پائیے کی بنیاد پر وصول کی جائیں گی:وزارت مذہبی امور 
اسلا م آباد(آئی این پی )حج 2027 کے لیے سرکاری اور نجی حج اسکیم کی درخواستوں کی وصولی کا آغازآج سے ہورہا ہے ۔وزارت مذہبی امور کے مطابق حج درخواستیں آج 18 اگست سے وصول کی جائیں گی، درخواستیں اور اخراجات آن لائن یا بینک برانچز میں جمع کرائے جاسکیں گے۔پالیسی کے تحت پہلے سے رجسٹرڈ عازمین ہی سرکاری حج اسکیم کیلئے درخواست دینے کے اہل ہیں، سرکاری اسکیم کے حج اخراجات 2 مساوی اقساط میں وصول کئے جائیں گے۔حج درخواستیں پہلے آئیے، پہلے پائیے کی بنیاد پر وصول کی جائیں گی، کوٹہ مکمل ہوتے ہی درخواستوں کی مزید وصولی روک دی جائے گی۔ سرکاری حج اسکیم کیلئے ایک لاکھ 7 ہزار 526 جبکہ نجی حج اسکیم کے لیے 40 فیصد یعنی 71 ہزار 684 کا کوٹہ مختص ہے۔