حج درخواستیں اور اخراجات آن لائن اور حبیب بینک کی مقررہ برانچوں کے ذریعے جمع کرائے جا سکیں گے
اسلام آباد: (مانیٹرنگ ڈیسک) حج 2027 کے لیے سرکاری اور نجی حج اسکیم کی درخواستوں کی وصولی کی تاریخ میں تبدیلی کر دی گئی ہے، اب درخواستیں 17 کے بجائے 18 اگست سے وصول کی جائیں گی۔
ذرائع وزارت مذہبی امور کے مطابق حج درخواستیں اور اخراجات آن لائن اور حبیب بینک کی مقررہ برانچوں کے ذریعے جمع کرائے جا سکیں گے، حج 2027 کی درخواستیں ’’پہلے آئیے، پہلے پائیے‘‘ کی بنیاد پر وصول کی جائیں گی اور کوٹہ مکمل ہوتے ہی درخواستوں کی مزید وصولی روک دی جائے گی۔حج 2027 کے لیے پاکستان کا مجموعی حج کوٹہ ایک لاکھ 79 ہزار 210 مقرر کیا گیا ہے، جس میں سرکاری حج اسکیم کے لیے 60 فیصد یعنی ایک لاکھ 7 ہزار 526 جبکہ نجی حج اسکیم کے لیے 40 فیصد یعنی 71 ہزار 684 کا کوٹہ مختص ہے۔ذرائع کے مطابق حج اخراجات دو مساوی اقساط میں وصول کیے جائیں گے اور درخواست جمع کراتے وقت پہلی قسط میں نصف حج اخراجات ادا کرنا ہوں گے، اس مرتبہ حج درخواستوں کی وصولی کے لیے 16 بینکوں کے بجائے صرف حبیب بینک منتخب کیا گیا ہے، جس کے باعث ’’پہلے آئیے، پہلے پائیے‘‘ کی بنیاد پر درخواستوں کے اجرا کے وقت رش بڑھنے کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔