حج درخواستیں پہلے آئیے، پہلے پائیے کی بنیاد پر وصول کی جائیں گی: وزارت مذہبی امور
غیررجسٹرڈ افراد سے بھی درخواستوں کی وصولی 11 سے 16 اگست تک کی جائے گی:ترجمان
اسلام آباد(آئی این پی )وزارت مذہبی امور کا کہنا ہے کہ حج 2026 کے لئے درخواستوں کی وصولی آج سے شروع ہو گی۔ترجمان وزارت مذہبی امور نے بتایا کہ نامزد بینکوں اور آن لائن پورٹل کے ذریعے حج درخواستیں جمع کروانے کی سہولت فراہم کی گئی ہے، حج درخواستیں "پہلے آئیے، پہلے پائیے" کی بنیاد پر وصول کی جائیں گی۔رجسٹرڈ افراد سے حج واجبات کی پہلی قسط 4 تا 9 اگست وصول کی جائے گی جبکہ نشستیں دستیاب ہونے کی صورت میں نئے عازمین 11 تا 16 اگست اپلائی کر سکیں گے، نشستیں مکمل ہوتے ہی حج واجبات کی وصولی روک دی جائے گی‘ حکومت نے آئندہ سال حج کیلئے غیر رجسٹرڈ عازمین سے بھی حج درخواستیں وصول کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔درخواستوں کی وصولی 11 سے 16 اگست تک ہوگی۔ذرائع کے مطابق ساڑھے 4 لاکھ رجسٹرڈ عازمین سے سوا لاکھ کا حج کوٹہ مکمل نہ ہونے کا خدشہ ہے، وزارت مذہبی امور نے کم درخواستوں کے خدشے پر غیررجسٹرڈ عازمین کو موقع دینے کا فیصلہ کیا ہے