لاہور(کرائم رپورٹر) ایس پی کینٹ کیپٹن ریٹائرڈ قاضی علی رضا نے امام بارگاہ طفیل شاہ علامہ اقبال روڈ کے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا اور مصطفی آباد جلوس کے تمام روٹس کا وزٹ کیا۔ ترجمان پولیس کے مطابق دوران وزٹ امام بارگاہ کے منتظمین اور متولیان سے ملاقات بھی کی گئی۔ اس موقع پر متعلقہ سرکل افسران اور ایس ایچ اوز نے سکیورٹی انتظامات کے بارے میں بریفنگ دی۔ ایس پی کینٹ کیپٹن ریٹائرڈ قاضی علی رضا کے مطابق امام بارگاہ میں آنے والے تمام افراد کی چیکنگ کو یقینی بنایا جا رہا ہے، پارکنگ کو امام بارگاہ سے دور مناسب فاصلے پر بنایا گیا ہے۔ مشکوک افراد اور لاوارث سامان پر کڑی نظر رکھنے اور فوری اطلاع دینے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔ امام بارگاہوں کے گرد و نواح سمیت اہم مقامات پر موثر پیٹرولنگ کی جا رہی ہے اور تمام امام بارگاہوں کو فول پروف سکیورٹی فراہم کی جا رہی ہے۔