لاہور میں ٹریفک پولیس موبائل ورکشاپس کا افتتاح

 گاڑی خرابی کی صورت میں شہری پندرہ پر کال کر سکیں گے:سی سی پی او 
 لاہور(کرائم رپورٹر) سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے سٹی ٹریفک پولیس لاہور کی موبائل ورکشاپس کا افتتاح کر دیا۔ ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق سی ٹی او لاہور نے شہریوں کیلئے ایک اور اہم اقدام کے تحت وائرلیس کمیونیکیشن سے منسلک 6 ٹریفک پولیس موبائل ورکشاپس کا افتتاح کیا۔ سی ٹی او لاہور اور دیگر افسران اور ٹریفک وارڈنز کی موجودگی میں سی سی پی او لاہور نے افتتاح کیا۔ سی ٹی او لاہور ڈاکٹر اطہر وحید کے مطابق ٹریفک پولیس کی موبائل ورکشاپ کے تربیت یافتہ مکینک سڑک پر گاڑی خراب ہونے کی صورت میں اپنے ٹول باکس کے ہمراہ فوری مدد کو پہنچیں گے۔ ابتدائی طور پر موبائل ورکشاپس مال روڈ اور جیل روڈ پر سہولت فراہم کریں گی جن کا دائرہ کار بڑھا کر پورے شہر میں لایا جا رہا ہے۔ شہری گاڑی خراب ہونے کی صورت میں 15 پر کال کر کے موبائل ورکشاپ کے مکینک کو مدد کیلئے بلا سکیں گے۔ ٹریفک پولیس لاہور وزیر اعلیٰ پنجاب کے وڑن کے مطابق شہریوں کی مدد میں پیش پیش ہے۔ سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ کے مطابق موبائل ورکشاپس سے شہریوں کو فوری مدد پہنچانے کا یہ اقدام بہت احسن ہے۔ شہریوں کو سہولت کی فراہمی اور عوام دوست پالیسی کی بہترین مثال موبائل ورکشاپس کی صورت میں دی جا رہی ہے