آئی جی کی ہدایت پر پولیس نے پٹرولنگ اور اضافی نفری تعینات کی
لاہور(کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر لاہور سمیت صوبہ بھر کے گرجا گھروں میں مسیحی عبادتی دعائیہ پروگرام کے دوران پنجاب پولیس نے ہائی الرٹ ہو کر ڈیوٹی فرائض سرانجام دیے۔اس سے قبل آئی جی پنجاب نے تمام آر پی اوز اور ڈی پی اوز کو گرجا گھروں کی سکیورٹی مزید سخت کرنے کے احکامات جاری کیے۔ ان کا کہنا تھا کہ سپروائزری افسران خود سکیورٹی انتظامات چیک کریں اور حساس گرجا گھروں پر اضافی نفری اور سنائپرز تعینات کیے جائیں۔ڈولفن سکواڈ، پی آر یو اور ایلیٹ فورس کی ٹیموں کو گرجا گھروں کے گرد م ئوثر پٹرولنگ کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ ڈیوٹی پر موجود پولیس افسران اور جوانوں کو انتہائی الرٹ رہنے اور شرپسند عناصر پر کڑی نظر رکھنے کا حکم دیا گیا ہے۔گرجا گھروں، مسیحی آبادیوں اور حساس مقامات کے گرد سرچ اینڈ سویپ آپریشنز بھی جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ آئی جی پنجاب نے مزید کہا کہ علماء کرام، مسیحی کمیونٹی اور امن کمیٹیوں کے ارکان بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ میں اپنا کردار ادا کریں۔