آئی جی پنجاب کے احکامات پر اضافی نفری، سنائپرز اور م ئوثر پٹرولنگ تعینات
حساس گرجا گھروں کے گرد سرچ اینڈ سویپ آپریشن، بین المذاہب ہم آہنگی پر زور
لاہور(کرائم رپورٹر)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر لاہور سمیت صوبے بھر کے گرجا گھروں میں اتوار کے مسیحی دعائیہ پروگرام کے دوران پولیس ہائی الرٹ رہی۔ آئی جی پنجاب نے تمام آر پی اوز اور ڈی پی اوز کو سکیورٹی انتظامات بڑھانے کے احکامات جاری کیے۔ ان کے مطابق سپروائزری افسران گرجا گھروں اور اہم مقامات کے انتظامات خود چیک کریں جبکہ حساس گرجا گھروں پر اضافی نفری اور سنائپرز تعینات کیے جائیں۔ڈولفن سکواڈ، پی آر یو اور ایلیٹ ٹیموں نے گرجا گھروں کے اطراف م ئوثر پٹرولنگ کی، جبکہ سکیورٹی اہلکاروں کو ہدایت دی گئی کہ وہ ہر وقت الرٹ رہیں اور شرپسند عناصر پر کڑی نظر رکھیں۔ آئی جی پنجاب نے گرجا گھروں، مسیحی آبادیوں اور حساس مقامات کے گرد سرچ اینڈ سویپ آپریشن جاری رکھنے کی ہدایت دی اور کہا کہ علماء کرام، مسیحی کمیونٹی اور امن کمیٹیوں کے ارکان بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دیں۔