آئی جی نے حساس مقامات پر سنائپرز اور اضافی نفری تعینات کرنے کا حکم دیا
لاہور(کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر لاہور سمیت صوبہ بھر کے گرجا گھروں میں مسیحی عباداتی دعائیہ پروگرام کے دوران پنجاب پولیس نے ہائی الرٹ ہو کر ڈیوٹی انجام دی۔ قبل ازیں آئی جی نے آر پی اوز اور ڈی پی اوز کو گرجا گھروں کی سکیورٹی بڑھانے کے احکامات جاری کیے۔ انہوں نے کہا سپروائزری افسران گرجا گھروں اور اہم مقامات کے انتظامات خود چیک کریں، حساس گرجا گھروں پر اضافی نفری اور سنائپرز تعینات ہوں۔ ڈولفن سکواڈ، پی آر یو اور ایلیٹ ٹیمیں گرجا گھروں کے گرد مؤثر پٹرولنگ کریں۔ ڈیوٹی پر موجود اہلکار الرٹ رہیں اور شرپسند عناصر پر کڑی نظر رکھیں۔ گرجا گھروں، مسیحی آبادیوں اور حساس مقامات کے گرد سرچ اینڈ سویپ آپریشنز جاری رکھے جائیں، جبکہ علماء کرام، مسیحی کمیونٹی اور امن کمیٹیاں بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دیں۔