سوات میں ہیڈ ماسٹر کے بروقت اقدام سے 936 طلبہ محفوظ رہے

سوات میں ہیڈ ماسٹر کے بروقت اقدام سے 936 طلبہ محفوظ رہے

یہ واقعہ سوات کے علاقے منگلور میں پیش آیا جہاں حالیہ شدید سیلاب نے گورنمنٹ پرائمری اسکول کو بری طرح متاثر کیا۔

تاہم اسکول کے پرنسپل سعید احمد کی حاضر دماغی اور بروقت فیصلے نے ایک بڑے سانحے کو ٹال دیا۔رپورٹ کے مطابق جس روز سیلاب آیا، صبح کے وقت قریبی ندی میں اچانک پانی کے بہاؤ میں تیزی آگئی۔ خطرے کی سنگینی کو محسوس کرتے ہوئے ہیڈ ماسٹر سعید احمد نے فوری طور پر تمام اساتذہ کو ہدایت دی کہ بچوں کو چھٹی دے کر محفوظ مقام پر منتقل کیا جائے۔ اسی دوران سیلابی ریلہ اسکول کی حدود میں داخل ہوگیا اور بیرونی دیوار منہدم ہوگئی۔ہیڈ ماسٹر اور اساتذہ کے بروقت اقدام کے نتیجے میں اسکول میں زیرِ تعلیم 936 طلبہ کو بحفاظت نکال لیا گیا۔ سعید احمد کے مطابق محض پانچ منٹ کے اندر اسکول کے تمام کلاس رومز اور دفاتر میں پانی بھر گیا، تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

سیلاب کی تباہ کاریوں کے باعث اسکول کو شدید نقصان پہنچا ہے، عمارت کے کئی حصے ناقابلِ استعمال ہو گئے ہیں۔ ہیڈ ماسٹر نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ متاثرہ اسکول کی فوری بحالی کے لیے اقدامات کیے جائیں تاکہ طلبہ کا تعلیمی سلسلہ دوبارہ بحال ہو سکے۔یہ واقعہ اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ بروقت فیصلہ اور قائدانہ صلاحیت کس طرح بڑے سانحے کو ٹال سکتی ہے۔