اسرائیلی فوج کے سربراہ کا غزہ پر دوبارہ قبضے کا منصوبہ منظور

اسرائیلی فوج کے سربراہ کا غزہ پر دوبارہ قبضے کا منصوبہ منظور

ویب ڈیسک: اسرائیلی آرمی چیف ایال ضامر نے غزہ پر قبضے کے منصوبے کی باضابطہ منظوری دے دی ہے۔

 غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق اسرائیلی فوج کے سربراہ نے اتوار کے روز جاری بیان میں اعلان کیا کہ غزہ جنگ کے اگلے مرحلے کی تیاری مکمل کر لی گئی ہے۔اپنے فیلڈ ٹور کے دوران آرمی چیف نے کہا کہ غزہ پر حملوں کی شدت میں مزید اضافہ کیا جائے گا اور علاقے پر دوبارہ قبضے کے لیے دباؤ بڑھایا جائے گا۔ ان کے بقول اسرائیلی فوج آئندہ دنوں میں مزید سخت کارروائیوں کے لیے تیار ہے تاکہ "حماس کے خلاف حتمی اہداف" حاصل کیے جا سکیں۔ایال ضامر نے دعویٰ کیا کہ اسرائیلی فوج نے "آپریشن گڈیون چاریوٹس" کے بیشتر مقاصد حاصل کر لیے ہیں۔ یہ آپریشن رواں سال مئی میں ایک بڑے زمینی حملے کی شکل میں شروع کیا گیا تھا جس کا مقصد غزہ کی پٹی کے مزید علاقوں پر قبضہ کرنا اور شمالی غزہ سے فلسطینی آبادی کو مکمل طور پر بے دخل کرنا تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیلی فوج اس بات کو یقینی بنائے گی کہ غزہ میں مستقبل میں اسرائیل کے خلاف کسی بھی قسم کی مزاحمت باقی نہ رہے۔واضح رہے کہ غزہ پر اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں ہزاروں فلسطینی شہید اور زخمی ہو چکے ہیں جبکہ لاکھوں افراد بے گھر ہو کر پناہ گزین کیمپوں میں کسمپرسی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ عالمی برادری کی جانب سے اسرائیل کی اس جارحیت اور "آبادی کو زبردستی بے دخل کرنے" کی پالیسی پر شدید تنقید کی جا رہی ہے۔