آئی جی پنجاب نے فوری گرفتاری کے لیے آر پی او سے رپورٹ طلب کر لی
لاہور(کرائم رپورٹر)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے حافظ آباد، تھانہ ونیکے تارڑ کی حدود میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے کار سوار تین افراد کے جاں بحق ہونے کے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او گوجرانوالہ سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ آئی جی پنجاب نے ڈی پی او حافظ آباد کو ہدایت کی کہ فائرنگ میں ملوث ملزمان کو فوری گرفتار کیا جائے۔ ڈی پی او حافظ آباد عاطف نذیر اور ایس پی انوسٹی گیشن موقع پر موجود ہیں جبکہ فرانزک ٹیموں نے شواہد اکٹھے کر لئے ہیں۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق واقعہ بظاہر پرانی رنجش کا نتیجہ ہے۔ فائرنگ کے دوران گاڑی کو آگ لگنے سے مقتولین کی لاشیں جھلس گئیں۔ ڈی پی او نے کہا کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں اور جلد کارروائی مکمل کر لی جائے گی