قبروں پر مٹی ڈالنے کیلئے شہریوں نے قبرستانوں کا رخ کرلیا، گورگن منہ مانگے دام لینے لگے
فیصل آباد (یو این پی)عشرہ محرم الحرام کے باعث شہریوں کی جانب سے اپنے پیاروں کی قبروں پر حاضری اور فاتحہ خوانی، قبروں کی ٹوٹ پھوٹ، مرمت اور پھول نچھاور کرنے کیلئے قبرستانوں کا رخ کر نے کا سلسلہ جاری ہے، پھول بیچنے والوں اور گورکنوں کا کاروبار بھی خوب چمک اٹھاہے،قبرستانوں میں جہاں عام دنوں میں ویرانیاں چھائی رہتی ہیں، عشرہ محرم بالخصوص یوم عاشور کی آمد کے باعث بڑی تعداد میں شہری اپنے آبا و اجداد، والدین،بیوی بچوں،بہن بھائیوں اور دیگر رشتہ داروں کے ہمراہ اپنے پیاروں کی قبروں پرحاضری، قرآن پاک کی تلاوت،فاتحہ خوانی،قبروں کی مرمت کرنے کے ساتھ ساتھ ان پر پھول نچھاور کرتے ہوئے نظر آرہے ہیں، پھول بیچنے والے بھی اپنی مرضی کے ریٹس پر پھول فروخت کر رہے ہیں، بزرگ شہریوں نے کہا کہ عشرہ محرم الحرام میں قبرستانوں میں آنے کی روایت بڑی پرانی ہے اور اگر انسان یہاں آتا جاتا رہے تو یہ احساس ہوتا ہے کہ ایک دن ہم نے بھی یہاں آنا ہے،انہوں نے بتایا کہ قبرستان میں آکر دعا کرنا اس لئے بھی افضل ہے کہ سانحہ کربلا اور حضرت امام حسین رضی اللہ تعالی عنہ کی عظیم قربانی اور ان کے صبرو استقلال کی مثال ہمارے سامنے آجاتی ہے