اے پی ایس کے معصوم بچوں، اساتذہ اور عملے کی قربانیاں ہمیشہ ہماری قومی یادداشت کا حصہ ہیں ‘ پاکستان کی سر زمین سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ہی اس سانحے کا حقیقی انصاف ہے:وزیراعظم

دہشتگروں کیخلاف پوری قوت سے جنگ جاری رہے گی شہبازشریف
 پاکستان ایک بار پھر دہشت گردی کے ناسور کا سامنا کر رہا ہے اور ملک کے مختلف حصوں میں سکیورٹی اہلکاروں اور معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، دہشت گردی کے خلاف ہماری جدوجہد ابھی ختم نہیں ہوئی
 ریاست، سکیورٹی ادارے اور عوام متحد ہو کر دہشت گردی اور انتہاپسندی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں‘ پاکستان کے روشن مستقبل کیلئے دی گئی یہ عظیم قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی:سانحہ کی برسی پر پیغام
 مسافروں کو آف لوڈ کرنے کے معاملے پر  شہباز شریف کا نوٹس‘وزیراعظم کی ہدایت پر امیگریشن نظام میں جامع اصلاحات کا آغاز‘آف لوڈنگ کے مسئلے کے حل کے لئے 14 رکنی اعلیٰ سطح کی کمیٹی تشکیل
اسلام آباد(آئی این پی‘آن لائن)سانحہ آرمی پبلک سکول  پشاور کو 11 سال مکمل ہوگئے، سانحہ کی برسی عقیدت و احترام سے منائی گئی اور شہدا کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا گیا‘اس دن کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف  نے کہا ہم سانحہ آرمی پبلک سکول پشاور کے شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں، جنہوں نے وطنِ عزیز کے مستقبل کیلئے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، یہ دلخراش سانحہ پوری قوم کیلئے ایک عظیم آزمائش تھا، جس نے ہمارے دلوں کو غم سے بھر دیا مگر ہمارے حوصلے پست نہ کر سکا۔انہوں نے کہا کہ اے پی ایس کے معصوم بچوں، اساتذہ اور عملے کی قربانیاں ہمیشہ ہماری قومی یادداشت کا حصہ ہیں اور پاکستان کی سر زمین سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ہی اس سانحے کا حقیقی انصاف ہے، پوری قوم شہدا کے لواحقین کے غم میں برابر کی شریک ہے اور ہم ان کے صبر و استقامت کو سلام پیش کرتے ہیں۔ان کا کہنا تھا  آج جب پاکستان ایک بار پھر دہشت گردی کے ناسور کا سامنا کر رہا ہے اور ملک کے مختلف حصوں میں سیکیورٹی اہلکاروں اور معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، تو سانحہ اے پی ایس ہمیں اس حقیقت کی یاد دہانی کراتا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف ہماری جدوجہد ابھی ختم نہیں ہوئی، ریاست، سکیورٹی ادارے اور عوام متحد ہو کر دہشت گردی اور انتہاپسندی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں۔شہباز شریف نے کہا کہ آج ہم اس عہد کی تجدید کرتے ہیں کہ دہشت گردی کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی کے تحت پوری قوت کے ساتھ بھرپور کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی اور آخری دہشت گرد کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، پاکستان کے روشن مستقبل کے لئے دی گئی یہ عظیم قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی۔وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ اللہ تعالی دہشت گردی کے خلاف اس جنگ کے تمام شہدا کو جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو صبرِ جمیل دے۔ آمین۔دریں اثناء  مسافروں کو آف لوڈ کرنے کے بڑھتے ہوئے واقعات پر وزیراعظم شہباز شریف نے نوٹس لیتے ہوئے وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانی کی سربراہی میں 14 رکنی اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دے دی ہے، جو امیگریشن اور اوورسیز پاکستانیوں سے متعلق نظام میں بہتری کے لیے جامع سفارشات مرتب کرے گی۔کمیٹی میں وفاقی وزیر آئی ٹی، وزیر مملکت برائے اوورسیز پاکستانی، سیکریٹری اوورسیز پاکستانی، سیکریٹری انفارمیشن ٹیکنالوجی، پاکستان ڈیجیٹل اتھارٹی کے چیئرمین، ایڈیشنل سیکریٹری وزارت داخلہ اور نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سمیت دیگر متعلقہ افسران شامل ہیں۔کمیٹی کو یہ ذمہ داری سونپی گئی ہے کہ وہ مسافروں کے لیے **آن لائن پروٹیکٹر کے اجراء  کا واضح اور مؤثر طریقہ کار وضع کرے۔ اس کے ساتھ ساتھ امیگریشن اسٹیمپس کے  آن لائن اجراء￿  اور تجدید  کے نظام پر بھی تفصیلی سفارشات تیار کی جائیں گی تاکہ مسافروں کو غیر ضروری مشکلات سے بچایا جا سکے۔