لاہور میں غیر اخلاقی تقریب، مرکزی ملزم سمیت متعدد افراد گرفتار

  حکومت کا فوری نوٹس، پارٹی یا فوٹو شوٹ کے نام پر فحاشی پھیلانا سخت قانونی جرم ، ڈی آئی جی
 لاہور (یواین پی)  لاہور میں غیر اخلاقی تقریب پر پنجاب حکومت نے نوٹس لیتے ہوئے مرکزی ملزم سمیت متعدد افراد کو گرفتار کرلیا۔ ترجمان لاہور پولیس کے مطابق لاہور میں غیر اخلاقی تقریب اور فوٹو شوٹ کا معاملہ سامنے آنے پر حکومت پنجاب نے فوری نوٹس لیا جس کے نتیجے میں پولیس کی کارروائی میں مرکزی ملزم سمیت متعدد افراد کو گرفتار کرلیا گیا، اس سلسلے میں مزید چھاپے بھی جاری ہیں۔بتایا گیا ہے کہ سوشل میڈیا پر غیر اخلاقی ویڈیوز وائرل ہونے کے بعد لاہور پولیس نے مقدمہ درج کر لیا کیوں کہ پارٹی یا فوٹو شوٹ کے نام پر فحاشی پھیلانا سخت قانونی جرم ہے، ڈی آئی جی آپریشنز کا کہنا ہے کہ غیر قانونی و غیر اخلاقی حرکات کسی صورت برداشت نہیں کی جائیں گی، واقعے میں ملوث تمام کرداروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا، اسلام اور ملکی قوانین سے متصادم سرگرمیوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی، مزید برآں بین شدہ فلم جوائے لینڈ کی اسکریننگ بھی رکوا دی گئی ہے۔گزشتہ روز سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں معروف فیشن ڈیزائنر ماریہ بی نے مبینہ طور پر لاہور میں منعقد ہونے والی اس متنازعہ تقریب پر شدید ردعمل کا اظہار کیا، ان کا کہنا تھا کہ یہ پروگرام اگست 2025ء میں لاہور میں منعقد ہوا جس کی ویڈیوز براہِ راست بعض بچوں نے مجھے بھیجیں، اس تقریب میں ایسے افعال کیے گئے جو نا صرف غیر اخلاقی بلکہ مذہبی اور سماجی اقدار کے منافی تھے۔