وزیراعظم شہباز شریف کا آئی ٹی برآمدات میں اضافے پر اطمینان کا اظہار

وزیراعظم شہباز شریف کا آئی ٹی برآمدات میں اضافے پر اطمینان کا اظہار

وزیراعظم شہباز شریف نے انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) کی برآمدات میں 23 فیصد اضافے کا خیرمقدم کیا ہے۔

انہوں نے اسلام آباد سے جاری اپنے بیان میں کہا کہ آئی ٹی شعبے کو سہولتوں کی بروقت فراہمی اور حکومتی اقدامات کی بدولت اس شعبے کی برآمدات میں قابلِ ذکر اضافہ ہوا ہے۔شہباز شریف نے مزید کہا کہ آئی ٹی شعبے کی خدمات کی برآمدات روایتی مارکیٹوں کے علاوہ نئی مارکیٹوں میں بھی بڑھنا خوش آئند ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ آئی ٹی برآمدات 2.828 بلین ڈالر کی تاریخی سطح تک پہنچ چکی ہیں، جو کہ حکومت کی محنت کا نتیجہ ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ آئی ٹی شعبے کی ترقی کے لیے پیشہ ورانہ تربیت اور جدید ٹیکنالوجی کی فراہمی کے اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ ملک کی آئی ٹی برآمدات میں مزید اضافہ ہو سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کا عزم ہے کہ آئی ٹی کے شعبے کو مزید مضبوط اور مستحکم بنائیں تاکہ پاکستان کی معیشت میں اس کے کردار کو مزید بڑھایا جا سکے۔شہباز شریف نے اس پیشرفت کو قومی ترقی کے لیے اہم سنگ میل قرار دیا اور اس میں حصہ لینے والی تمام ٹیموں کو سراہا۔