اسلام آباد: بانی پی ٹی آئی عمران خان سے اڈیالہ جیل میں ملاقات نہ کروانے کا معاملہ ایک بار پھر اسلام آباد ہائیکورٹ پہنچ گیا۔
قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب اور سینیٹ میں قائد حزب اختلاف شبلی فراز نے اڈیالہ جیل حکام کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کرنے کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ کا رخ کیا، جہاں پی ٹی آئی رہنما بائیومیٹرک تصدیق کے بعد باقاعدہ طور پر توہینِ عدالت کی درخواست دائر کریں گے۔قبل ازیں، عمر ایوب اور شبلی فراز کی جانب سے توہینِ عدالت کی درخواست دائر کی گئی تھی، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے لارجر بینچ کے آرڈر کے باوجود عمران خان سے ملاقات نہیں کروائی گئی۔
تاہم، توہین عدالت کی پہلی درخواست سماعت کے لیے مقرر نہیں ہو سکی تھی۔اس موقع پر عمران خان کی بہن علیمہ خان اور عظمیٰ خان بھی اسلام آباد ہائی کورٹ پہنچ گئیں، جبکہ تحریک تحفظ آئین کے رہنما اخونزادہ حسین بھی ہائیکورٹ میں موجود تھے۔