ویب ڈیسک: انسان جلد ہی خلاء کی سیر کر سکیں گے کیونکہ آربٹل اسمبلی نامی کمپنی دنیا کا پہلا خلائی ہوٹل تعمیر کر رہی ہے، جو 2027ء تک مکمل ہو جائے گا اور یہ زمین کے باسیوں کے لیے ایک تفریح گاہ کے طور پر کھولا جائے گا۔
کمپنی کی جانب سے خلائی ہوٹل کی تفصیلات، کانسیپٹ اور ڈیزائن جاری کیے گئے ہیں۔ اس خلائی ہوٹل میں متعدد موڈیولز ہوں گے جو آپس میں جڑے ہوں گے، اور یہ پہیے کی شکل میں ہو گا جو زمین کے مدار کے گرد ہر 90 منٹ میں ایک چکر پورا کرے گا۔آربٹل اسمبلی کے مطابق، یہ کمپنی نہ صرف ایک بلکہ دو خلائی ہوٹل بھیجنا چاہتی ہے جہاں سیاح رہائش اختیار کر سکیں گے۔ ان میں سے ایک کا نام پایونیئر اسٹیشن ہو گا جس میں 28 افراد کے قیام کا انتظام ہو گا، جبکہ دوسرے کا نام وویجر اسٹیشن ہو گا جو 400 افراد کی میزبانی کرے گا اور 2027 تک سیاحوں کے لیے دستیاب ہو گا۔
رپورٹس کے مطابق، یہ ہوٹل زمین سے باہر تعطیلات گزارنے کی ایک نیا طریقہ پیش کریں گے، لیکن اس میں شامل سیاحت کا خرچہ بہت زیادہ ہو گا جس کی وجہ سے کم ہی افراد یہ تجربہ کر سکیں گے۔آربٹل اسمبلی کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر ٹم الاٹورے کا کہنا ہے کہ خلائی سفر کے لیے خرچہ ایک بڑی رکاوٹ ہے، لیکن خلائی سیاحت کے آغاز کے ساتھ اس پر قابو پایا جا سکتا ہے۔